پشاور (ریاض حسین)
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید آندھی اور بارش کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 10 دیگر زخمی ہو گئے۔ متاثرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ریسکیو 1122 کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ نقصانات مہمند اور مردان اضلاع میں ریکارڈ کیے گئے۔
مہمند میں ماربل کان پر آسمانی بجلی گری
ضلع مہمند کی تحصیل صافی کے علاقے خانقہ میں ایک ماربل کی کان پر آسمانی بجلی گری، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ زخمی کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال نواگئی منتقل کیا گیا، جبکہ دونوں لاشیں قانونی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔
جاں بحق افراد کی شناخت مینا گل اور محمد رفیق (رہائشی ضلع خیبر) جبکہ زخمی کی شناخت جمیل خان (رہائشی باجوڑ) کے طور پر ہوئی۔
مردان میں چھت اور دیواریں گرنے سے ہلاکتیں
مردان کی تحصیل تخت بھائی کے اسلام آباد گاؤں میں بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گرنے سے ماں اور بیٹی جاں بحق ہو گئیں۔ دونوں کی لاشوں کو مقامی ٹرانسپورٹ کے ذریعے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اسی گاؤں میں ایک اور واقعے میں دیوار گرنے سے ایک بچی زخمی ہوئی، جسے ابتدائی طبی امداد دے کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دیگر زخمی افراد
کاٹلنگ کے علاقے قاسمی میں دیوار گرنے سے 60 سالہ حسین بادشاہ زخمی ہوئیں۔
اخون بابا میں دیوار گرنے سے دو بچے زخمی۔
چمڈھیری روڈ پر 15 سالہ عبدالسلام زخمی۔
منگاہ میں دیوار گرنے سے تین افراد زخمی۔
جبل مدرسہ کے قریب گیٹ گرنے سے 38 سالہ بخت منیر زخمی۔
رستم تحصیل میں دیوار گرنے سے 40 سالہ خاتون زخمی۔
تمام زخمیوں کو ریسکیو ٹیم نے ابتدائی طبی امداد دے کر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔
سوات میں فصلوں کو نقصان
ضلع سوات کے بالائی علاقوں میں شدید ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔
سڑکوں کی بندش
مردان کے علاقوں رستم پلو ڈھیری، بخشالی، دوبئی اڈہ سمیت کئی مقامات پر درخت گرنے سے سڑکیں بند ہو گئیں، جنہیں کھولنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد مصروف عمل ہیں۔
دیگر علاقے بھی متاثر
اسلام آباد، راولپنڈی اور دیگر علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش اور آندھی کے باعث سولر پینلز اور چھتوں کو نقصان پہنچا۔ دیہی علاقوں میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو چکا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دنوں میں مزید تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ مانسہرہ اور ہزارہ ڈویژن میں بھی مسلسل بارش جاری ہے۔