دہشتگردی کے خلاف خیبرپختونخوا تنہا لڑ رہا ہے، ظاہر شاہ طورو

رپورٹ (CBN247)

مردان (میٹ دی پریس) – صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کو اس وقت بدترین دہشتگردی کا سامنا ہے، لیکن وفاقی حکومت نے صوبے کو اس جنگ میں تنہا چھوڑ دیا ہے۔ وہ مردان پریس کلب میں “میٹ دی پریس” پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مردان کے تحصیل صدر الیاس طورو اور جنرل سیکرٹری حاجی بخشاد کشمیری بھی موجود تھے۔

ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں، تاہم وسائل کی شدید کمی ان کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سہولیات اور امداد جو وفاق سے ملنی چاہیئے، ان کا فقدان ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ منرل اینڈ مائنز ایکٹ کی منظوری کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے مشروط کرنے کا تاثر غلط اور بے بنیاد پروپیگنڈہ ہے۔ یہ ایکٹ بانی پی ٹی آئی کی منظوری سے ہی منظور کیا جائے گا۔

پارٹی امور پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں اختلافِ رائے موجود ہے، تاہم گروپ بندی یا دھڑے بندی کی کوئی صورتحال نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکز نہ صرف خیبرپختونخوا کے وسائل روک رہا ہے بلکہ ضم شدہ اضلاع کے لیے مختص 110 ارب روپے کے فنڈز بھی تاحال جاری نہیں کیے گئے، جو کہ تشویشناک صورتحال ہے اور مستقبل میں مزید پیچیدگیاں پیدا کر سکتا ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 8 فروری کے عام انتخابات کے بعد پی ٹی آئی پر گورننس کی بہتری اور جمہوریت کے تحفظ کی دو بڑی ذمہ داریاں عائد ہوئی ہیں، اور پارٹی نے مشکل ترین حالات میں بھی ان دونوں محاذوں پر مثالی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی قائم نہیں ہوگی، ترقی ممکن نہیں۔ پی ٹی آئی علی آمین گنڈاپور کی قیادت میں اس جدوجہد کو جاری رکھے گی۔

ظاہر شاہ طورو نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی آمین گنڈاپور کے حالیہ دورہ مردان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا، جن میں 6 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے کلپانی کے اطراف حفاظتی پشتوں کی تعمیر، نشتراسپتال کی طرز پر کلچرل ہال اور سائنس میوزیم کی تعمیر شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں کے ادھورے منصوبوں کے لیے بھی فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ صوبائی کابینہ نے اے ڈی پی پلس ترقیاتی منصوبوں کے لیے 33 ارب روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے