سمسنز گروپ آف کمپنیز کے ہیڈ آف کارپوریٹ اینڈ ریگولیٹری افیئرز محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور ان مواقع سے بھرپور استفادہ کرکے نہ صرف ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے بلکہ پاکستان کا مثبت تشخص بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکتا ہے۔
مردان کے دورے کے موقع پر پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سمسنز گروپ صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر عوام کو معیاری اور جدید سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاحت کے فروغ سے قیمتی زرمبادلہ میں اضافہ ہو رہا ہے اور دنیا بھر سے آنے والے سیاح پاکستان کا خوبصورت اور پُرامن چہرہ دیکھ رہے ہیں۔
محمد آصف چوہدری نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی حسن سے مالامال صوبہ ہے۔ خصوصاً مالم جبہ میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے صوبے میں سیاحتی سرگرمیوں کو مزید تقویت مل رہی ہے۔
انہوں نے صحافی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا اپنے قلم کے ذریعے سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ سمسنز گروپ نے ڈسٹرکٹ بار میں جدید لائبریری کے قیام میں بھرپور تعاون کیا ہے جبکہ مردان پریس کلب میں لائبریری کے قیام، سولرائزیشن اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے بھی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اس موقع پر نومنتخب صدر لطف اللہ لطف اور جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمن ہوتی نے تعاون پر بیرسٹر منصور علی باچا کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ باہمی اشتراک سے تعمیری سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔