خیبرپختونخوا: چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی میں 47 کروڑ روپے سے زائد کی ریکارڈ وصولی

سی بی این رپورٹ

خیبرپختونخوا حکومت کے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کے زیر اہتمام گاڑیوں کی من پسند نمبر پلیٹس کی دوسری نیلامی میں ایک ہی روز کے دوران 47 کروڑ 3 لاکھ روپے کی مجموعی بولی موصول ہوئی۔ نیلامی میں 30 مختلف چوائس نمبرات پیش کیے گئے جن پر بولی دہندگان نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

ارینا ہال، قیوم اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقدہ تقریب میں سب سے زیادہ بولی "داوڑ 1” نمبر پلیٹ پر لگی جو 17 کروڑ 50 لاکھ روپے میں فروخت ہوئی۔ دوسری بڑی بولی "اورکزئی 1” نمبر پلیٹ کے لیے 4 کروڑ 10 لاکھ روپے کی دی گئی۔ اسی طرح "وزیرستان 1” نمبر پلیٹ 4 کروڑ 6 لاکھ روپے جبکہ "مہمند 1” نمبر پلیٹ 3 کروڑ 21 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی۔

دیگر نمایاں نمبرات میں "باجوڑ 1” 3 کروڑ 35 لاکھ روپے، "خیبر 1” 2 کروڑ 1 لاکھ روپے اور "محسود 1” 2 کروڑ 20 لاکھ روپے میں فروخت ہوئے۔ "گجر 1” ایک کروڑ 63 لاکھ، "پشتون 1” ایک کروڑ 32 لاکھ اور "بونیر 1” 95 لاکھ روپے میں خریدا گیا۔ جبکہ "مردان 1” 68 لاکھ اور "دیر 1” 67 لاکھ روپے میں نیلام ہوئے۔

مزید برآں "جدون 1″، "خلیل 1″، "خٹک 1″، "تاج 1″، "کوہاٹ 1″، "شیخ 1″، "سوات 1″، "ایبٹ آباد 1″، "مروت 1″، "سید 1” اور "کلاچی 1” سمیت دیگر نمبر پلیٹس بھی لاکھوں روپے میں فروخت ہوئیں، جس سے اس منفرد منصوبے کی مقبولیت واضح ہوئی۔
نیلامی کی تقریب میں محکمہ ایکسائز کے اعلیٰ حکام اور افسران نے شرکت کی۔ حکام کے مطابق چوائس نمبر پلیٹس کا یہ اقدام صوبائی حکومت کی
اصلاحات کا حصہ ہے جس کا مقصد شفافیت، عوامی سہولت اور ریونیو میں اضافہ ہے۔

صوبائی وزیر ایکسائز سید فخرِجہان نے کامیاب بولی دہندگان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوامی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں بھی من پسند نمبر پلیٹس کی نیلامی کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز آئندہ بھی جدید اور عوام دوست اقدامات جاری رکھے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے