طورخم کسٹمز حکام نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے آنے والی ایک گاڑی کے ٹائروں میں خفیہ طور پر چھپائی گئی تقریباً تین کروڑ روپے مالیت کی چاندی برآمد کر لی اور اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ تفصیلات کے مطابق طورخم بارڈر پر معمول کی چیکنگ کے دوران کسٹمز اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران گاڑی کے ٹائروں کی ساخت غیر معمولی محسوس ہونے پر انہیں کھولا گیا، جہاں سے مہارت کے ساتھ چھپائے گئے چاندی کے ٹکڑے (بسکٹ) برآمد ہوئے۔
کسٹمز ذرائع کا کہنا ہے کہ چاندی کو ٹائروں کے اندرونی حصے میں اس انداز سے رکھا گیا تھا کہ بظاہر وہ عام ٹائر دکھائی دیں۔ کارروائی کے بعد برآمد شدہ چاندی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ گاڑی اور ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔