ڈیرہ اسماعیل خان: خودکش حملہ آور خاتون گرفتار، بڑا دہشتگرد منصوبہ ناکام

محکمہ انسداد دہشتگردی خیبر پختونخواہ (سی ٹی ڈی) نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ خفیہ اداروں کی مصدقہ اطلاع پر سی ٹی ڈی ڈیرہ ریجن نے شیخ یوسف خیمہ بستی میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک مبینہ خودکش حملہ آور خاتون کو گرفتار کر لیا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والی جوان العمر خاتون کی شناخت مسماۃ (ز) کے نام سے ہوئی ہے جو وزیرستان کی رہائشی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ خاتون کالعدم تنظیم سے وابستہ رہی اور مردار خارجی شاہ ولی عرف طارق کوچی کی قریبی ساتھی اور اس کی تربیت یافتہ تھی۔

مبینہ خودکش حملہ آور خاتون نے اپنے اعترافی بیان میں بتایا کہ حالیہ دنوں میں اس نے خودکش حملہ کرنے کی رضامندی ظاہر کی تھی، جبکہ حملے کے لیے خودکش جیکٹ اور ٹارگٹ خارجی کمانڈر عاصم کی جانب سے فراہم کیا جانا تھا۔

کارروائی کے دوران خاتون کے قبضے سے 30 بور پستول بمعہ کارتوس، موبائل فونز، ٹیبلٹ، پاور بینک، پرفیوم اور حملے میں استعمال ہونے والا دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ موبائل فونز سے کالعدم تنظیم سے روابط اور خودکش حملے سے متعلق اہم شواہد بھی حاصل ہوئے ہیں۔

گرفتار خاتون کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے سی ٹی ڈی ٹیم کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے