رپورٹ (CBN247)
خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی زیر صدارت ان کی رہائش گاہ پر ضلع مردان سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات طفیل انجم، ،اراکین صوبائی اسمبلی ڈیڈ چیئرمین زرشاد خان امیر فرزند ، عبدالسلام آفریدی اور افتخار مشوانی نے شرکت کی۔
اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ شرکاء نے اپنے اپنے حلقوں کی ضروریات کے مطابق اسکیمیں تجویز کیں جنہیں آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) میں شامل کرنے کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔
اجلاس کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس موقع پر شرکاء نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان، اسیرانِ جمہوریت اور پارٹی قائدین کی رہائی کے لیے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور صوبائی تنظیم کے فیصلوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ قائد تحریک عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی کی تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اور پارٹی رہنماؤں کی رہائی کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی۔