کوہاٹ: پرانا پولیس لائنز کوہاٹ کی مسجد میں دھماکے کے بعد پولیس لائنز میں داخل ہونے والے دہشتگردوں کے خلاف پولیس اور سکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل ہوگیا، کارروائی میں مجموعی طور پر 8 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔
پولیس اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں ایلیٹ فورس کمانڈوز، کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی ٹیموں اور سکیورٹی فورسز نے حصہ لیا۔ رات بھر جاری رہنے والے آپریشن کے دوران عمارات کے اہم حصوں کو کلیئر کرلیا گیا۔ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق خودکش بمبار نے قانون کے رکھوالوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنا دیے گئے۔ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید خود جائے وقوعہ پر موجود رہے اور آپریشن میں مصروف جوانوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔
پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ اور ڈی پی او کوہاٹ نے آپریشن کی قیادت کی، جبکہ جی او سی کوہاٹ بھی موقع پر موجود رہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رات بھر جاری رہنے والی کارروائی کے بعد آپریشن مکمل کیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور اہلکاروں کو شاباش دی اور ان کے لیے انعامات کا اعلان کیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا، جانباز جوان قوم کا فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے گئے ہیں اور دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔