بیمار صحافی اسد خان کے علاج میں حکومت کا تعاون، مزید مالی مدد کی یقین دہانی

سینئر صحافی اسد خان زیرِ علاج، مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور کی ایک لاکھ روپے مالی معاونت

پشاور: خیبرپختونخوا کی مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں زیرِ علاج سینئر صحافی اسد خان کے علاج کے لیے ابتدائی طور پر ایک لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم کردی۔

محکمہ اطلاعات کے مطابق پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض نے سینئر صحافی اسد خان کے علاج معالجے کے لیے مشیرِ اطلاعات سے رابطہ کیا تھا، جس کے بعد مالی معاونت فراہم کی گئی۔

اس سلسلے میں پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض، مشیرِ اطلاعات کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر فطرت بونیری اور میڈیا مینیجر عماد خان نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور زیرِ علاج صحافی اسد خان کی عیادت کی۔ اس موقع پر ثمر ہارون بلور کی جانب سے فراہم کردہ ایک لاکھ روپے کا چیک بھی اسد خان کے حوالے کیا گیا۔

مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور نے کہا کہ یہ ابتدائی مالی معاونت ہے اور ضرورت پڑنے پر اسد خان کو مزید مالی مدد بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو صحافی کو بہترین علاج معالجے اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور مشکل وقت میں ان کی مدد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا کے صحافیوں نے دہشت گردی اور خراب امن و امان کی صورتحال کے دوران فرنٹ لائن پر رہ کر اہم کردار ادا کیا ہے، اس لیے صوبائی حکومت صحافی برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو بروقت ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور ان کی فلاح و بہبود کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی جائے گی۔ حکومت صحافی برادری کے مسائل حل کرنے اور ان کی مشکلات کم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

دوسری جانب پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض نے سینئر صحافی اسد خان کے علاج کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے پر مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور اور صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے