سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسداد منشیات کا اہم اجلاس چیئرمین سینیٹر فیصل سلیم رحمان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں متعدد اہم قانون سازی کی تجاویز اور عوامی اہمیت کے معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں "اسلام آباد میٹرو بس سروس بل 2026” زیر بحث آیا، تاہم کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ادارے کے پاس پہلے ہی پبلک ٹرانسپورٹ کے انتظام کے لیے ایک علیحدہ ونگ موجود ہے، لہٰذا نئی ریگولیٹری اتھارٹی کی ضرورت نہیں۔
کمیٹی نے پاکستان پینل کوڈ (ترمیمی) بل 2026 اور "اسلام آباد رئیل اسٹیٹ (ریگولیشن اینڈ ڈویلپمنٹ) (ترمیمی) بل 2026” پر بھی غور کیا۔ اراکین نے رئیل اسٹیٹ بل کی منظوری کے باوجود عملدرآمد میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا، جس پر وزیر مملکت برائے داخلہ نے بتایا کہ قوانین میں ممکنہ اوورلیپنگ سے بچنے کے لیے مزید مشاورت جاری ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے معاملہ جلد نمٹانے کی ہدایت دیتے ہوئے مزید بحث مؤخر کر دی۔
اجلاس میں "نادرا (ترمیمی) بل 2026” کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
کمیٹی کو گاڑیوں کے ٹینٹڈ شیشوں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ ان پر پابندی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عائد کی گئی۔ چیئرمین کمیٹی نے فیس کے عوض محدود اجازت دینے کی تجویز دیتے ہوئے پارلیمنٹیرینز اور سفارت کاروں کو استثنا دینے کی سفارش کی۔
اسلحہ لائسنس پالیسی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا کہ معاملہ وفاقی کابینہ کے زیر غور ہے اور جلد فیصلہ متوقع ہے۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا پولیس نے مردان میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دہشت گردی، منشیات خصوصاً "آئس” کی سمگلنگ، اور سنگین جرائم کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی، بشمول سرویلنس ڈرونز، کے استعمال پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
کمیٹی اراکین نے بین الصوبائی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور انسداد دہشت گردی میں خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیوں اور کارکردگی کو سراہا
سینیٹ قائمہ کمیٹی اجلاس: اہم بلز پر غور، نادرا ترمیمی بل منظور، ٹینٹڈ شیشوں پر نئی تجاویز