خیبرپښتونخوا امن جرگہ کے چیئرمین جناب سید کمال شاہ باچہ ایڈووکیٹ نے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے نہایت مؤثر، جذباتی اور فکر انگیز تقریر کی۔ انہوں نے معاشرے کو کھوکھلا کرنے والی سماجی برائیوں، خصوصاً سود خوروں، قبضہ مافیا، انڈر پلوں، منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور اور واضح مؤقف اختیار کیا۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام عناصر کے خلاف بلا امتیاز اور مؤثر کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن جرگہ اور مردان کے عوام انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور قانون کی بالادستی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
چیئرمین امن جرگہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر پولیس کے اندر کوئی اہلکار جرائم پیشہ مافیا کے ساتھ ملی بھگت میں ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
انہوں نے متاثرہ عوام کو حوصلہ دیتے ہوئے واضح پیغام دیا کہ سود کے نام پر دباؤ ڈالنے والوں کو ایک روپیہ بھی نہ دیا جائے، بلکہ بلا خوف و خطر امن جرگہ سے رابطہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن جرگہ ایسے تمام افراد کی نشاندہی ضلعی انتظامیہ کو فراہم کرے گا تاکہ قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
آخر میں سید کمال شاہ باچہ ایڈووکیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن جرگہ معاشرے سے سماجی برائیوں کے خاتمے، امن و انصاف کے قیام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد ہر فورم پر جاری رکھے گا۔
خیبر پښتونخوا امن جرگہ کا منشیات فروشوں او جرائم پیشہ عناصر کے خلاف دوٹوک مؤقف، انتظامیہ سے بلاامتیاز کارروائی کا مطالبہ