چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن مردان، پروفیسر جہانزیب خان نے کہا ہے کہ صحافی معاشرے کی اصلاح اور مثبت سمت میں رہنمائی میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ مردان بورڈ تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بورڈ کے تمام معاملات مکمل شفافیت کے ساتھ چلائے جا رہے ہیں اور پیپر لیکیج جیسے ناسور کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
وہ مردان پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مردان پریس کلب کے نومنتخب صدر لطف اللہ لطف اور جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمٰن ہوتی نے چیئرمین بورڈ کا خیرمقدم کیا۔
پروفیسر جہانزیب خان نے کہا کہ بطور چیئرمین مردان بورڈ ذمہ داریاں سنبھالنا ایک بڑا چیلنج تھا، تاہم اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ نقل اور بوٹی مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی گئیں اور میٹرک و ایف ایس سی کے امتحانات میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے سخت فیصلے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ تمام نجی امتحانی ہالز ختم کر کے امتحانات سرکاری تعلیمی اداروں میں منتقل کیے گئے، جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے۔ طلبہ و طالبات نے محنت کو اپنا شعار بنایا اور آج وہی طلبہ نمایاں پوزیشنز حاصل کر رہے ہیں۔
چیئرمین مردان بورڈ نے کہا کہ ان کا مقصد نوجوان نسل کو اکیسویں صدی کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہے۔ اسی وژن کے تحت بورڈ میں جدید ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرایا گیا ہے تاکہ کارکردگی اور شفافیت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مردان بورڈ کو مکمل طور پر سولرائز کر دیا گیا ہے، جس سے بجلی کے اخراجات ختم ہو گئے ہیں۔ ان کے مطابق اس نوعیت کی جامع منصوبہ بندی دیگر اداروں میں کم ہی نظر آتی ہے، جو مردان بورڈ کی ایک نمایاں پہچان بن چکی ہے۔
پروفیسر جہانزیب خان نے کہا کہ مارکنگ سسٹم کو مکمل طور پر شفاف بنا دیا گیا ہے، آئندہ امتحانات کلسٹر سسٹم کے تحت لیے جائیں گے، آن اسکرین مارکنگ پر پیش رفت جاری ہے جبکہ فارمولہ مارکنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ طلبہ کو رٹا سسٹم سے نکال کر تخلیقی اور فکری صلاحیتوں کی طرف لایا جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ مردان بورڈ تعلیمی معیار کی بہتری، شفاف نظام کے قیام اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا
بورڈ امتحانات میں پیپرز لیکیج کا مکمل خاتمہ کریں گے: چیئرمین مردان بورڈ