خیبر پختونخوا پولیس میں افسران کی شدید کمی کا انکشاف ہوا ہے۔ سینٹرل پولیس آفس کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں گریڈ 18 اور 19 کی آدھی سے زیادہ پوسٹیں خالی ہیں، جس کے باعث محکمے کو افسران کی کمی کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گریڈ 21 کی 6 منظور شدہ پوسٹوں پر صرف 4 افسران تعینات ہیں جبکہ 2 نشستیں خالی ہیں۔ اسی طرح گریڈ 22 کی واحد پوسٹ پر بھی کوئی افسر موجود نہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گریڈ 20 کی 22 پوسٹوں پر 25 افسران تعینات ہیں، جن میں 3 افسران سرپلس شمار ہوتے ہیں۔ تاہم گریڈ 19 میں صورتحال سنگین ہے جہاں 57 پوسٹوں پر صرف 15 افسران تعینات ہیں، اور 42 نشستیں خالی پڑی ہیں۔ اسی طرح گریڈ 18 کی 133 پوسٹوں پر صرف 76 افسران موجود ہیں۔
سی پی او کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس میں مجموعی طور پر 703 پوسٹوں کے مقابلے میں صرف 604 افسران تعینات ہیں، جبکہ 99 افسران کی کمی بدستور موجود ہے۔