ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش دھماکہ، امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے گھر شادی کی تقریب نشانہ، 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان (نمائندہ خصوصی) قریشی موڑ کے قریب امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے گھر شادی کی تقریب کے دوران خودکش دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ خودکش حملہ معلوم ہوتا ہے، تاہم دھماکے کی نوعیت اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جبکہ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

ریسکیو1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق مبینہ دھماکے کی اطلاع پر ریسکیو1122 کی 7 ایمبولینسز، فائر ویکل اور ڈیزاسٹر ویکل موقع پر روانہ کیے گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے اب تک 5 افراد کی لاشیں اور 10 زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ہے، جبکہ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔

واقعے کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے