مردان (نمائندہ خصوصی) مردان پریس کلب کے سالانہ انتخابات جمعہ کے روز کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئے۔ خفیہ رائے دہی کے ذریعے منعقدہ ان انتخابات میں سینئر صحافی لطف اللہ لطف بھاری اکثریت سے صدر منتخب ہو گئے۔ انتخابات میں مجموعی طور پر 15 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔
اسی طرح ہدایت الرحمان ہوتی جنرل سیکرٹری، محمد عارف خان نائب صدر، عامر شعیب جوائنٹ سیکرٹری جبکہ خورشید وہاب فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے۔ فنانس سیکرٹری کے عہدے پر خورشید وہاب نے تمام 15 ووٹ حاصل کر کے واضح کامیابی حاصل کی۔
انتخابی عمل ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مردان کے صدر آصف اقبال ایڈووکیٹ کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری ذوالفقار علی خان ایڈووکیٹ، تیمور خان ایڈووکیٹ، احتشام خان اور اشرف خان ہوتی بھی موجود تھے، جنہوں نے انتخابی عمل کو شفاف، منصفانہ اور پرامن بنانے میں کردار ادا کیا۔ انتخابات کے اختتام پر آصف اقبال ایڈووکیٹ نے نو منتخب عہدیداران کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نو منتخب صدر لطف اللہ لطف اور جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان ہوتی نے پریس کلب کے اراکین اور الیکشن نگران و کمیٹی ممبران کا اعتماد حاصل کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صحافی برادری کے مسائل کے حل، آزادیٔ صحافت کے فروغ اور مردان پریس کلب کو مزید فعال بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
صحافتی حلقوں کی جانب سے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی جا رہی ہے اور اس امید کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ نئی قیادت صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور پیشہ ورانہ معیار کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔