سرکاری ملازمین پر سیاست میں حصہ لینے کی پابندی، محکمہ تعلیم کا ڈی ای اوز کو خط

محکمہ تعلیم پشاور نے سرکاری ملازمین کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لیے ضلعی تعلیمی افسران (ڈی ای اوز) کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ بعض سرکاری ملازمین عملی طور پر سیاست میں حصہ لے رہے ہیں اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی سیاسی وابستگیوں کا کھل کر اظہار کر رہے ہیں۔

مراسلے کے مطابق سرکاری ملازمین کو کسی بھی سیاسی جماعت، مہم یا سرگرمی کا حصہ بننے سے سختی سے روکا گیا ہے، کیونکہ اپنی سرکاری حیثیت کو استعمال کرتے ہوئے انتخابی عمل یا نتائج پر اثر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بھی سیاسی نظریات، بیانات یا جماعتی تشہیر کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اس قسم کا طرزِ عمل سرکاری قواعد و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

خط میں مزید خبردار کیا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ملازمین کے خلاف جرمانے سمیت سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے، جس میں نوکری سے برطرفی بھی شامل ہو سکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے