پی ٹی آئی میں اختلافات سنگین صورت اختیار کر گئے ،بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور ایک بار پھر آمنے سامنے آگئے ہیں ۔
اڈیالہ جیل کے باہر داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں بانی سے ملاقات کے موقع پر میرے خلاف الزامات عائد کیے ہیں۔
صحافی نے علیمہ خان سے پوچھا کہ خبریں آرہی ہیں کہ علی امین گنڈا پور نے گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دوران آپ کی شکایتیں لگائی ہیں۔
صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ علی امین گنڈا پور نے بانی پی ٹی آئی کو بتایا ہے کہ علیمہ خان ایجنسیوں کی سہولت کاری کر رہی ہیں اور پارٹی چیئرمین بھی بننا چاہ رہی ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کی بہن نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور نے الزام عائد کیا ہے کہ سوشل میڈیا کو بھی علیمہ خان نے کنٹرول کیا ہوا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کے چیئرمین بانی پی ٹی آئی عمران خان ہیں اور ان کا بھائی ہی پارٹی کا چیئرمین رہے گا۔