مردان: غیر معیاری گوشت اور ملاوٹی دودھ کے خلاف فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں تیز

خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی (KPFSA) نے مردان میں خوراک کے معیار کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جس کا مقصد عوام کی صحت کا تحفظ ہے۔

بینک روڈ پر حالیہ کارروائی کے دوران، فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نمبر 2 نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی رقیہ نواز خان کی سربراہی میں گوشت اور مرغی کی دکانوں کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران کئی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جن میں کم عمر بچھڑوں کا گوشت فروخت کرنا، صفائی کے ناقص انتظامات، اور عملے کے میڈیکل سرٹیفکیٹس کی عدم موجودگی شامل تھیں۔

متعدد دکانداروں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے کی مہلت دی گئی تاکہ وہ صفائی اور خوراک کے قانونی تقاضوں پر پورا اتریں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کیونکہ صارفین کی صحت پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس سے منسلک ایک اور کارروائی میں پار ہوتی کے علاقے میں دودھ فروشوں کی دکانوں پر اچانک چھاپے مارے گئے، جن میں موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی مدد سے دودھ کے نمونے چیک کیے گئے۔ کئی نمونوں میں پانی کی ملاوٹ ثابت ہوئی، جس پر ملاوٹی دودھ موقع پر ہی ضائع کر دیا گیا اور متعلقہ دکانداروں کو سخت جرمانے اور قانونی کارروائی کی وارننگ دی گئی۔

فوڈ اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ ایسی کارروائیاں ضلع بھر میں جاری رہیں گی تاکہ عوام کو صاف، محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی شکایت یا خلاف ورزی کی فوری اطلاع فوڈ اتھارٹی کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے