مردان میں آر پی او جواد قمر کی زیر صدارت اہم کرائم میٹنگ، سنگین جرائم کے خلاف مؤثر حکمت عملی پر زور

ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) مردان، جواد قمر (QPM، ستارہ شجاعت) کی زیر صدارت پولیس لائنز مردان میں ایک اہم کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ضلع مردان کے تمام اعلیٰ پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی پی او ظہور بابر آفریدی، ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ڈی پی اوز اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

اجلاس کے آغاز میں ڈی پی او مردان نے ضلع میں پولیس کی موجودہ کارکردگی، درپیش چیلنجز اور جاری حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

آر پی او جواد قمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مردان پولیس کو ایک جدید، منظم اور عوام دوست فورس کے طور پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات کی تفتیش کے لیے خصوصی تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا جائے تاکہ افسران کی تفتیشی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

انہوں نے ہائی پروفائل اور اجرتی قتل کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مجرموں کے خلاف فوری، سخت اور مؤثر کارروائی کی جائے۔

آر پی او نے جنسی زیادتی، بچوں سے بدفعلی، ڈکیتی اور آئس سمیت دیگر منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کی بروقت رپورٹنگ کرائم کنٹرول کی طرف پہلا قدم ہے، اور جب عوام بلا خوف و خطر اطلاع دیں گے تو پولیس فوری کارروائی کرتے ہوئے جرائم پر مؤثر قابو پا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی بالادستی اور عوامی اعتماد کے قیام کے لیے پولیس اور عوام کے درمیان باہمی رابطے کو مضبوط بنانا ہوگا۔

اجلاس کے اختتام پر آر پی او جواد قمر نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ وہ کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کو فروغ دیں، عوام سے قریبی روابط رکھیں اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ عوامی خدمت کو اپنا مشن بنائیں، تاکہ مردان کو ایک محفوظ، پُرامن اور جرائم سے پاک ضلع بنایا جا سکے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے