(مردان (نمائندہ خصوصی
جماعت اسلامی کے سابق ایم پی اے اور ضلعی نائب امیر میاں نادر شاہ نے اعلان کیا ہے کہ 7 جولائی کو مردان میں ایک بڑا عوامی جرگہ منعقد کیا جائے گا، جس میں مہنگائی، صحت کے مسائل، بدترین لوڈشیڈنگ اور آئس نشے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی۔
مردان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں نادر شاہ نے کہا کہ جرگے میں وکلاء، تاجر، فلاحی تنظیمیں، صحافی، ناظمین، چیئرمین اور جماعت اسلامی یوتھ کے کارکنان بھرپور شرکت کریں گے۔ اس موقع پر ابراہیم بلند، مسلم شاہ آریانی، منظورالحق، محمد جہانزیب اور وقار باچا بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ مرکزی و صوبائی بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، جب کہ گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے عوام پر مہنگائی کا بم گرایا گیا ہے۔ ایم ایم سی ہسپتال مردان میں بجلی کی غیرقانونی کنکشن جیسے مسائل صحت کے شعبے کی نااہلی کو ظاہر کرتے ہیں، جن پر جرگہ آواز اٹھائے گا۔
میاں نادر شاہ نے کہا کہ لوڈشیڈنگ مردان سمیت پورے صوبے میں عوام کے لیے بڑا عذاب بن چکی ہے اور اس کے خاتمے کے لیے ہر فورم پر مؤثر آواز بلند کی جائے گی۔
انہوں نے آئس نشے کو نوجوان نسل کے لیے تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نشہ تیزی سے عام ہو رہا ہے، جسے روکنے کے لیے سخت اقدامات اور معاشرتی شعور بیدار کرنا ہوگا۔ عوامی جرگہ اس مسئلے پر بھی خصوصی توجہ دے گا۔
میاں نادر شاہ نے مزید کہا کہ دکانداروں کی جانب سے خودساختہ قیمتیں اور من مانا منافع انتظامیہ کی ناکامی ہے۔ اگر حکمران رشوت اور عیاشی چھوڑ دیں تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی مسائل پر آواز اٹھائی ہے اور یہ جدوجہد جاری رہے گی۔