: فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے امریکا کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر کیے گئے فضائی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق حماس کا کہنا ہے کہ یہ جارحیت نہ صرف غیرقانونی ہے بلکہ اس کے نتیجے میں مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کا خطرناک حد تک بڑھ جانا یقینی ہے۔
حماس نے واضح کیا کہ ایران پر حملہ عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے اور یہ اقدام دنیا بھر میں امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
تنظیم کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کی یہ کارروائی خطے میں پہلے سے موجود تنازعات کو مزید بھڑکانے کے مترادف ہے، اور عالمی برادری کو اس پر فوری ردعمل دینا چاہیے۔
واضح رہے کہ ایران کے خلاف اسرائیل کی جنگ میں امریکا بھی شامل ہو گیا ہے۔ امریکا نے ایران کی 3 ایٹمی تنصیبات پر حملہ کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فردو، نطنز اور اصفحان میں نیوکلیئر تنصیبات پر حملہ کیا گیا ہے، فردو ایٹمی تنصیب مکمل طور پر تباہ کر دی گئی۔