پشاور: خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں کل سے تیز آندھی، گرج چمک اور ژالہ باری کے ساتھ بارش کا امکان ہے، یہ سلسلہ وقفے وقفے سے پیر تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق، چترال اپر و لوئر، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، بنوں، ڈی آئی خان، ٹانک سمیت دیگر اضلاع میں موسلادھار بارش، ژالہ باری اور تیز آندھی کے امکانات موجود ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مراسلے میں تمام ضلعی افسران کو مشینری کی دستیابی یقینی بنانے اور مقامی زبانوں میں عوام کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید براں، حساس سیاحتی علاقوں میں مقامی آبادی اور سیاحوں کو موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔ عوام کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔
کسانوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم کی صورت حال کے مطابق اپنے زرعی معمولات ترتیب دیں۔ سیاحوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی سفر سے پہلے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن سے رابطہ کر کے تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں عوام فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔