اسلام اباد
سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیشنل گرڈ کو فروخت کی جانے والی بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کر دی ہے اور ساتھ ہی نیا نیٹ بلنگ نظام بھی متعارف کرا دیا ہے۔ اس حوالے سے ریگولیشنز 2026 کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نئے قواعد کے مطابق پرانے سولر صارفین بدستور اپنی اضافی بجلی 25 روپے 32 پیسے فی یونٹ کے حساب سے نیشنل گرڈ کو فروخت کر سکیں گے۔ تاہم نئے صارفین کے لیے فی یونٹ نرخ میں 17 روپے 19 پیسے کی بڑی کمی کی گئی ہے،
جس کے بعد انہیں صرف 8 روپے 13 پیسے فی یونٹ ملیں گے، جو پہلے کے مقابلے میں تین گنا سے بھی کم ہے
نیپرا کی جانب سے نئے اور پرانے دونوں صارفین کے لیے نیٹ بلنگ کا نیا نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت اب صارف کے برآمد کردہ یونٹس کو سرکاری یونٹس کے برابر تصور نہیں کیا جائے گا۔ نیشنل گرڈ سے حاصل کی جانے والی بجلی کی قیمت حکومتی ٹیرف اور سلیب کے مطابق وصول کی جائے گی۔
مزید برآں، نئے نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے لائسنس کی مدت 7 سال سے کم کر کے 5 سال کر دی گئی ہے۔
پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی کے مطابق اس وقت ملک میں تقریباً 7 ہزار میگاواٹ صلاحیت کے نیٹ میٹرنگ سولر سسٹمز نصب ہو چکے ہیں، جبکہ 13 سے 14 ہزار میگاواٹ صلاحیت کے صارفین آف گرڈ نظام کے تحت بجلی پیدا کر رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے ریگولیشنز کے بعد آف گرڈ سولر سسٹمز کی طرف رجحان میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں نیٹ میٹرنگ سولر صارفین کی تعداد 4 لاکھ 66 ہزار ہے، جن میں سے 82 فیصد بڑے شہروں میں مقیم ہیں۔ لاہور 24 فیصد کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ ملتان 11 فیصد، راولپنڈی 9 فیصد، کراچی 7 فیصد اور فیصل آباد 6 فیصد حصے کے ساتھ نمایاں شہروں میں شامل ہیں۔