رپورٹ CBN247
پاکستان تحریک انصاف ضلع پشاور کے زیر اہتمام پشاور پریس کلب کے سامنے عمران خان کی عدالتی احاطے سے غیر قانونی گرفتاری کے دو سال مکمل ہونے پر ایک احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے میں پاکستان تحریک انصاف پشاور ریجن کے جنرل سیکرٹری شیر علی ارباب ، ضلعی صدر پشاور عرفان سلیم ، چئیرمن ڈیڈک شیر علی آفریدی, کامران بنگش ،رکن قومی اسمبلی آصف خان ، شیر علی ارباب، عرفان سلیم، فیصل جاوید ، سمیع خان، علی زمان، فضل الہی، شاندانہ گلزار سمیت پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سوشل میڈیا ہیڈ اکرام کٹھانہ اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی .

اس موقع پر شیر علی ارباب ، عرفان سلیم اور دیگر مقررین نے دو سال پہلے 9 مئی کو عدالتی احاطے سے عمران خان کی غیر قانونی گرفتاری کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دن عمران خان کو عدالتی احاطے سے انتہائی تضحیک آمیز طریقے سے غیر قانونی گرفتار کیا گیا، جس نے ملک میں قانون کی حکمرانی اور عدالتی وقار کو مجروح کیا۔
مقررین نے 9 مئی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں پر ہونے والے ظلم و جبر کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ ان واقعات کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داران کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے قائد کی رہائی اور انصاف کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔اس موقع پر شرکاء نے عمران خان کی فوری رہائی اور ملک میں قانون کی حکمرانی کے قیام کا مطالبہ کیا اور کہا کہ موجودہ حالات میں عمران خان کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور انکے تحفظ کو یقینی بنایا جائے
مردان میں پاکستان تحریک انصاف کی قومی یکجہتی ریلی، عمران خان کی رہائی کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مردان کے زیرِ اہتمام قومی یکجہتی کے اظہار اور بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے مطالبے کے لیے ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز پختونخوا ہاؤس سے ہوا، جس میں سینکڑوں گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور رکشے شریک تھے۔ ریلی مختلف بازاروں سے گزرتی ہوئی کالج چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی کی قیادت پی ٹی آئی کے ریجنل صدر و رکن قومی اسمبلی عاطف خان، صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو، معاون خصوصی طفیل انجم، اراکین صوبائی اسمبلی افتخار علی مشوانی، عبدالسلام آفریدی، طارق محمود آریانی اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے کی۔
مقررین نے مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان کو ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کا قائد اور قومی یکجہتی کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ عمران خان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ عمران خان کی قیادت میں پلوامہ حملے کے بعد بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا تھا، اور ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے۔
رہنماؤں نے زور دیا کہ پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ ملک کی بقا اور سلامتی کی جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، اور کارکن کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ دینے سے گریز نہیں کریں گے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پر قائم تمام "جھوٹے مقدمات” ختم کر کے انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے