ریاض حسین
مردان (11 مئی 2025) – وطن عزیز کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فضائیہ کے جوان محمد ایاز کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔ شہید محمد ایاز کا تعلق مردان کی تحصیل تخت بھائی کے علاقے گنجئی سے تھا، اور وہ حالیہ بھارتی حملے کے دوران سرگودھا میں شہید ہوئے۔

سرگودھا میں ان کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس کے بعد ان کا جسد خاکی ہیلی کاپٹر کے ذریعے رسالپور ایئربیس منتقل کیا گیا۔ وہاں سے پاک فضائیہ کی ایمبولینس کے ذریعے مکمل پروٹوکول کے ساتھ ان کے آبائی علاقے گنجئی روانہ کیا گیا۔
راستے بھر شہریوں نے اپنے عظیم سپوت کا پرتپاک استقبال کیا، ان کی ایمبولینس پر پھول نچھاور کیے، قومی پرچم لہرائے اور "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے نعرے لگائے۔ شہید کی نماز جنازہ سہ پہر 3 بجے گنجئی میں ادا کی گئی، جس میں پاک فضائیہ، پولیس، اور ریسکیو 1122 کے افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔
شہید محمد ایاز اپنے پیچھے ایک بیوہ، دو بچے اور والدین کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ قوم ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی