ڈلیوری کی آڑ میں منشیات؟ عدالت کا تعلیمی اداروں میں براہ راست اشیاء کی ترسیل پر پابندی کا حکم

رپورٹ (CBN247)

اسلام آباد ()اسلام آباد ہائیکورٹ نے تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کے سلسلے میں اہم اقدام اٹھاتے ہوئے اسکولوں اور کالجوں میں طلبہ کو براہ راست اشیاء کی ترسیل پر پابندی عائد کر دی ہے۔ عدالت نے خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

یہ احکامات جسٹس انعام امین منہاس کی زیرِ صدارت سماعت کے دوران دیے گئے، جو تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے استعمال اور آگاہی مہم سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کر رہے تھے۔

سماعت کے دوران جسٹس انعام امین منہاس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ “کیا آپ کو معلوم ہے منشیات اسکولوں اور کالجوں میں کیسے پہنچتی ہیں؟ یہ کوریئر اور ڈلیوری سروسز کے ذریعے بھیجی جاتی ہیں۔”

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ معلوم کیا جائے کہ کن تعلیمی اداروں میں زیادہ تر ڈائریکٹ ڈلیوریز ہو رہی ہیں، اور یہ دیکھا جائے کہ ان کے ذریعے کیا اشیاء پہنچائی جا رہی ہیں۔ جسٹس منہاس نے مزید کہا: “طلبہ پیزا کے ساتھ ساتھ منشیات بھی منگوا لیتے ہیں، اب ان ڈلیوریز پر مکمل پابندی لگانی ہوگی۔”

عدالت نے نیشنل اینٹی نارکوٹکس کونسل کی تشکیل سے متعلق رپورٹ بھی سیکرٹری کابینہ سے طلب کر لی ہے اور کیس کی اگلی سماعت 28 مئی تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے