گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت صوبے کی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں گورنر کو صوبے میں امن و امان، انسدادِ دہشتگردی، پبلک آرڈر اور جرائم کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پولیس حکام نے جدید اسلحے کی خریداری میں تاخیر، افرادی قوت اور دیگر درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔
اجلاس میں صوبے میں جاری احتجاجی سرگرمیوں اور لانگ مارچ سے متعلق بھی گورنر کو بریفنگ دی گئی، جبکہ سی ٹی ڈی حکام نے دہشتگردی کی روک تھام کیلئے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم نے افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں اب تک افغان مہاجرین کے 45 کیمپ ختم کیے جاچکے ہیں جبکہ کم از کم 16 لاکھ افغان مہاجرین کو افغانستان واپس بھیجا جاچکا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کیلئے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں کی استعداد کار مزید بڑھانے، وسائل اور انفراسٹرکچر کے مسائل حل کرنے اور اداروں کے درمیان روابط مزید مستحکم بنانے پر زور دیا۔