رپورٹ (CBN247)
مردان کی ایک مقامی عدالت نے صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو، مشیر صحت احتشام خان ایڈووکیٹ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم طفیل انجم سمیت تین اراکین اسمبلی اور پی ٹی آئی کے درجنوں رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ عدالت نے تمام نامزد ملزمان کو 29 مئی کو پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔
یہ وارنٹس تھانہ جبر کی حدود میں واقع رنگ روڈ شکر مورے کے قریب یکم دسمبر 2023 کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نکالی گئی ریلی کے مقدمے میں جاری کیے گئے ہیں۔ ریلی کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی بچے پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ گئے۔ واقعے پر پولیس نے ایف آئی آر نمبر 832 درج کرتے ہوئے 105 پی ٹی آئی رہنماؤں کو نامزد کیا تھا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عادل مثل کی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی اراکین اسمبلی افتخار مشوانی اور عبدالسلام آفریدی عدالت میں پیش ہوئے، تاہم دیگر نامزد ملزمان بشمول رکن اسمبلی زرشاد خان، امیر فرزند خان، طارق آیارنی، پی ٹی آئی پشاور ریجن کے سیکرٹری اطلاعات انجینئر عادل نواز، ضلعی جنرل سیکرٹری آیاز صافی، تحصیل چیئرمین کاٹلنگ ریاض خان اور متعدد دیگر رہنما عدالت میں حاضر نہ ہوئے۔
عدالت نے غیر حاضری پر ان تمام ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں اور ان کے ضامنوں کو بھی 29 مئی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔