مردان (ریاض حسین)
بھارت کی حالیہ جارحیت اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے جیسے قابلِ مذمت اقدامات کے خلاف ضلعی انتظامیہ مردان کی جانب سے ایک یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

ریلی کی قیادت کمشنر مردان ڈویژن نثار احمد، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ظہور بابر آفریدی، ایڈیشنل اور اسسٹنٹ کمشنرز نے کی۔ ریلی میں تاجر برادری، وکلاء، اساتذہ، طلباء، سول سوسائٹی اور دیگر طبقات کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
شرکاء نے وطن سے محبت اور پاک فوج سے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے "پاک فوج زندہ باد”، "پاکستان پائندہ باد” اور "مودی سرکار مردہ باد” جیسے فلک شگاف نعرے لگائے۔
مقررین نے خطاب میں بھارتی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اور ریاستی ادارے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی خودمختاری اور سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دشمن کو ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ نے یقین دلایا کہ قومی سلامتی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور حب الوطنی کے جذبے کو زندہ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔