خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے اہم قدم اٹھاتے ہوئے وسطی ایشیائی اور افغانستان کے مریضوں کو فوری ویزا دینے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے، جبکہ دوسری طرف صوبائی حکومت نے میڈیکل ٹورازم کیلئے طورخم سرحد پر ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے صوبائی محکمہ سیاحت نے کہا ہے کہ وسطی ایشیائی اور افغانستان کے مریضوں کو فوری ویزا دینے کیلئے منصوبہ تیار ہے، افغانستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک سے بڑی تعداد میں مریض خیبر پختونخوا آتے ہیں، جبکہ صوبائی حکومت معیشت مستحکم کرنے کیلئے میڈیکل ٹورازم سے استفادہ چاہتی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے سیاحتی وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے صوبائی حکومت نے میڈیکل ٹورازم کے فروغ کے سلسلے میں ٹھوس اور انقلابی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ سیاحت و ثقافت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر اور محکمہ صحت کا مشترکہ اجلاس محکمہ سیاحت کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس کی صدارت سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان اور سیکرٹری ثقافت، سیاحت و آثارِ قدیمہ و عجائب گھر ڈاکٹر عبدالصمد نے کی۔
اجلاس کے شرکاء نے زور دیا کہ خیبرپختونخوا میں میڈیکل ٹورازم کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور ہر سال امریکہ، یورپ، وسطی ایشیائی ممالک بالخصوص افغانستان سے بڑی تعداد میں مریض علاج معالجہ کے لیے صوبہ خیبرپختونخوا کا رخ کرتے ہیں۔
صوبائی حکومت ان مواقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے نہ صرف صوبے کی معیشت کو مستحکم کرنا چاہتی ہے بلکہ ان غیر ملکی مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولتیں بھی فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
خیبرپختونخوا کا وسطی ایشیائی مریضوں کو فوری ویزا، طورخم پر ہیلپ ڈیسک کا اعلان