10 تا 13 ستمبر کے دوران خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر دو مختلف کارروائیوں میں بھارت نواز فتنے الخوارج کے 35 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 22 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج مارے گئے۔
دوسری کارروائی جنوبی وزیرستان میں ہوئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے 13 مزید خوارج کو ہلاک کر دیا۔ تاہم اس دوران بہادری سے لڑتے ہوئے وطن کے 12 بیٹے شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہو گئے۔
مارے جانے والے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، جو متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان کے مطابق انٹیلی جنس رپورٹس میں افغان شہریوں کی دہشت گردی میں ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کیے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ پاکستان نے عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین دہشت گردوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور بھارتی سرپرست خوارج کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ ہمارے جوانوں کی قربانیاں دشمن کے خلاف عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔