مردان: شیخ ملتون ٹاؤن کے پوش علاقے میں پیش آنے والے تین افراد کے بہیمانہ قتل کے کیس کا معمہ حل کر لیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مردان مسعود احمد نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیس نے جدید سائنسی بنیادوں، تکنیکی شواہد اور پیشہ ورانہ تفتیش کی مدد سے مختصر وقت میں واقعے میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی پی او کے مطابق واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس کی سربراہی ایس پی انویسٹی گیشن نثار احمد خان کر رہے تھے۔ ٹیم میں ایس پی سٹی ڈویژن ماریہ مصطفیٰ، ڈی ایس پی شیخ ملتون سرکل ارشاد خان، ڈی ایس پی رستم سرکل عاشق حسین، ایس ایچ او شیخ ملتون اور دیگر تفتیشی افسران شامل تھے۔
گرفتار ملزمان میں عماد ولد پرویز، جواد ولد عمر خان، عاطف ولد گلزار محمد سکنہ مرزا خان کلے حال شاداب ٹاؤن اور سنان ولد زرشاد سکنہ خٹ کلے شامل ہیں، جبکہ واردات میں ملوث پانچویں ملزم اشرف ولد عمر خان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان کا مقتولین کے گھر آنا جانا تھا۔ اسی دوران انہوں نے واردات کی منصوبہ بندی کی اور موبائل فونز اور موٹر کار چھیننے کے بعد تینوں افراد کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے بعد مقتولین کے دو کمسن بچوں، دو سالہ ایمان اور تین سالہ دعا کو بھی اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں بچوں کو چارسدہ چوک کے قریب سے بحفاظت بازیاب کر لیا۔
ڈی پی او مردان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے مقتولین کی چھینی گئی موٹر کار اور واردات میں استعمال ہونے والے دو پستول بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے تفتیشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کیس کے تمام پہلوؤں پر مزید تحقیقات جاری ہیں اور مفرور ملزم کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
مردان کے شیخ ملتون ٹاؤن میں تین افراد کے قتل کیس کا معمہ حل، چار ملزمان گرفتار