ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس کے پیشِ نظر موٹروے حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت متعدد موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا ہے۔ دھند کے باعث حادثات کے بڑھتے ہوئے خدشات کے سبب یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ عوام کی جان و مال کو محفوظ رکھا جا سکے۔
موٹروے پولیس کے سینٹرل ریجن کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم تھری جڑانوالہ سے درخانہ تک بند ہے، جبکہ موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور گوجرہ سے عبدالحکیم تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم فائیو ملتان سے ظاہر پیر، ملتان سے سکھر، ملتان سے ڈیرہ اسماعیل خان اور رحیم یار خان سے روہڑی تک بند کر دی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ نہایت محدود ہے جس سے کسی بھی وقت حادثہ پیش آنے کا خدشہ موجود ہے۔ موٹروے حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، لین ڈسپلن کی پابندی کریں اور دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔ ان کے مطابق صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر نسبتاً محفوظ ہے، جبکہ اس کے بعد سفر کرتے وقت غیر معمولی احتیاط برتنا ضروری ہے۔