پشاور میں ٹریفک اژدہام پر قابو پانے اور شہریوں کے لیے محفوظ اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے کمشنر پشاور ڈویژن/چیئرمین ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاض خان محسود کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
فیصلوں کے مطابق:
- ضلع پشاور میں چلنے والی تمام پرائیویٹ ٹیکسیوں کی رجسٹریشن محکمہ ایکسائز کے ساتھ لازمی ہوگی، اور رجسٹرڈ ٹیکسیوں کو یکساں یونیفارم رنگ اور QR اسٹیکرز دیے جائیں گے۔ بغیر رجسٹریشن یا اسٹیکر والی ٹیکسیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
- ضلع بھر میں قائم 100 سے زائد غیر قانونی ٹرانسپورٹ، چنگچی اور تیز رفتار اڈوں کو فوری بند کیا جائے گا اور ذمہ دار ٹھیکیداروں کو گرفتار کیا جائے گا۔
- چارسدہ روڈ اور کوہاٹ روڈ پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے غیر ضروری یوٹرنز بند اور تجاوزات کے خلاف میگا آپریشن شروع کیا جائے گا۔
- بی آر ٹی مین روٹ پر غیر قانونی رکشے، چنگچی اور لوڈرز کے خلاف کارروائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
- اندرون شہر اور اہم شاہراہوں پر رات 10 بجے سے پہلے ٹرکوں اور مال بردار گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔
- پشاور موٹر وے کی ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے پولیس، کسٹمز، ایکسائز اور نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ چیک پوسٹیں کھلے مقامات پر منتقل کریں اور بلا تعطل ٹریفک کو یقینی بنائیں۔
کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ ٹریفک اژدہام کے خاتمے کے لیے سخت اور فوری اقدامات ناگزیر ہیں اور تمام ادارے منظوری شدہ فیصلوں پر فوری عمل درآمد یقینی بنائیں۔