رپورٹ (CBN247)
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 337 ہوگئی ہے، جن میں سب سے زیادہ اموات ضلع بونیر میں رپورٹ ہوئیں۔ مقامی مساجد اور کھلی میدانوں میں اجتماعی جنازے ادا کیے گئے اور بیشتر جاں بحق افراد کو آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کردیا گیا۔ غمزدہ خاندانوں میں سوگ کی فضا ہے جبکہ متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صرف گزشتہ 48 گھنٹوں میں مختلف حادثاتمی337 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 184 مرد، 14 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں۔ صوبے میں اب تک 68 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 7 مکمل طور پر منہدم ہوگئے۔
متاثرہ اضلاع میں صورتحال
• بونیر میں 213 اموات
• شانگلہ 35
• مانسہرہ 23
• باجوڑ 21
• سوات 20
• بٹگرام 15
• لوئر دیر 5
• مہمند میں 5 افراد ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوئے۔
سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سب سے زیادہ نقصان بونیر، باجوڑ اور بٹگرام میں ہوا ہے۔ شدید بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
امدادی اقدامات
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ اضلاع کے لیے 50 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ ان میں بونیر کو 15 کروڑ، جبکہ باجوڑ، بٹگرام اور مانسہرہ کو 10، 10 کروڑ اور سوات کو 5 کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔
وفاقی حکومت نے بھی خیبرپختونخوا کے متاثرہ خاندانوں کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت جاں بحق افراد کے لواحقین کو مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ پاک فوج نے متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن تیز کر دیے ہیں جبکہ فوجی ہیلی کاپٹر اور انجینئرنگ یونٹس شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی میں حصہ لے رہے ہیں۔
عوام کے لیے ہدایات
پی ڈی ایم اے نے عوام کو سیلابی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہنے اور ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں