باجوڑ میں بدامنی کے خلاف شدید عوامی ردعمل: اے این پی رہنما مولانا خان زیب ساتھی سمیت شہید، ہزاروں کا احتجاج

باجوڑ (نمائندہ خصوصی)

باجوڑ میں بدامنی اور دہشتگردی کی تازہ لہر نے ضلع کو ایک بار پھر سوگوار کر دیا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق امیدوار قومی اسمبلی مولانا خان زیب کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا۔

واقعہ میں ان کے سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار شیر زادہ بھی شہید جبکہ تین افراد زخمی ہوئے۔

مولانا خان زیب تحصیل خار کے ہیڈکوارٹر سے چند قدم کے فاصلے پر شنڈئی موڑ پر امن مارچ کی کمپین کے دوران نشانہ بنے۔مقامی لوگوں کے مطابق شہید مولانا 13 جولائی کو ہونے والے امن پاسون کے حوالے سے سرگرم تھے۔

واقعے کے بعد عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان اور شہریوں نے تابوت اٹھا کر خار بازار میں شدید احتجاج کیا۔ شہید رہنما کی نماز جنازہ 11 جولائی بروز جمعہ کو صبح 11 بجے ان کے آبائی علاقے ناوگئی میں ادا کی جائے گی۔

دوسری جانب تحصیل لوئی ماموند کے لغڑئی بازار میں حالیہ بدامنی، عوامی نقصانات اور فورسز و شدت پسندوں کے درمیان جھڑپوں کے خلاف عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ ہوا، جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔

مقررین نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر امن قائم نہ ہوا تو عوام احتجاجی دھرنوں پر مجبور ہوں گے۔ مقررین نے 13 جولائی کو باجوڑ سپورٹس کمپلیکس میں ہونے والے امن پاسون میں بھرپور شرکت کا اعلان بھی کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے