مون سون بارشوں کے باعث دریائے سوات میں طغیانی، انسانی جانوں اور انفراسٹرکچر کو نقصان

رپورٹ (CBN247)

صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے جس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر سیلابی صورتحال کا سامنا رہا۔ سیلاب کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر اب تک 11 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے. جانبحق افراد میں 4 مرد، 3 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 3 مرد اور 3 خواتین شامل ہے۔ بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث ضلع سوات میں سب سے زیادہ نقصان ہوا جہاں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈ کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔ علاوہ ازیں، متاثرہ علاقوں میں مجموعی طور پر 56 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 6 مکمل طور پر جبکہ 50 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ۔

صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر تمام متعلقہ اداروں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور ہر لمحہ حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی پر مامور ہے جبکہ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے اسفندیار خٹک اور ڈائریکٹر ایمرجنسی آپریشنز امجد خان خود ایمرجنسی آپریشن سنٹر میں موجود رہ کر صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے سیلابی خطرات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نوشہرہ اور چارسدہ کو بھی الرٹ جاری کر دیا ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال یا سیلاب سے قبل پیشگی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

ریلیف سرگرمیوں کے سلسلے میں پی ڈی ایم اے نے مون سون کنٹینجنسی پلان کے تحت صوبے کی ضلعی انتظامیہ کو 136 ٹرکوں پر مشتمل غیر خوراکی امدادی سامان پہلے سے فراہم کر دیا ہے جن میں خیمے، ترپالیں، کچن سیٹ، رضائیاں، تکیے، سلیپنگ بیگز اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء شامل ہیں۔

اس کے علاوہ متاثرین کی فوری مدد اور مالی معاونت کے لیے بھی پہلے ہی سے پی ڈی ایم اے نے 45 کروڑ روپے ضلعی انتظامیہ کو ریلیف اور معاوضے کے مد میں جاری کیے ہیں تاکہ قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔ خصوصی طور پر ضلع سوات میں سیلابی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر 24 گھنٹے فعال ہے۔ عوام کسی بھی ایمرجنسی، معلومات یا شکایت کی صورت میں پی ڈی ایم اے کے ٹول فری نمبر 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

یاد رہے یی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو مون سون بارشوں سے متعلق پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ جاری کیا گیا تھا.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے