عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں طلبہ کے درمیان جھگڑا، فائرنگ — سیکیورٹی اور پولیس کی بروقت کارروائی، پانچ طلبہ گرفتار

مردان (نمائندہ خصوصی)

عبدالولی خان یونیورسٹی مردان (AWKUM) کے ٹرانسپورٹ ایریا میں جمعرات کے روز طلبہ کے دو گروپوں — مبینہ طور پر پی ایس ایف سے تعلق رکھنے والے — کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کر گیا، جو جھگڑے اور فائرنگ کے واقعے پر منتج ہوا۔ واقعے کے فوری بعد یونیورسٹی انتظامیہ، سیکیورٹی انچارج امتیاز عرف “پپو خان”، اور شیخ ملتون پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حالات پر قابو پا لیا۔

پولیس اور یونیورسٹی ذرائع کے مطابق، واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فائرنگ کی اطلاع پر یونیورسٹی کی سیکیورٹی ٹیم اور مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر پانچ طلبہ کو گرفتار کر لیا، جن کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

یونیورسٹی کے چیف پروکٹر اور سیکیورٹی حکام نے فوری ایکشن لیتے ہوئے موصولہ رپورٹس اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تمام ملوث طلبہ کو یونیورسٹی سے معطل کر دیا۔ انتظامیہ کے مطابق، واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے وائس چانسلر کے حکم پر ایک انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے:

“یونیورسٹی کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔”

وائس چانسلر AWKUM نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کیا جائے۔

انتظامیہ کے مطابق، اس وقت صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے، اور یونیورسٹی میں تدریسی و غیر تدریسی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ یونیورسٹی نے طلبہ سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں اور قانون ہاتھ میں لینے سے گریز کریں۔

مزید پیش رفت اور تحقیقات کے نتائج جلد منظر عام پر لائے جائیں گے.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے