مردان (نمائندہ خصوصی)
ملک بھر کی طرح مردان میں بھی “یومِ تشکر” قومی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف اداروں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں پرچم کشائی، ریلیاں، اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
کے پی ہاؤس مردان میں یومِ تشکر کے حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا جس کے بعد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ تقریب میں شہداء کی بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر مردان نے اس موقع پر افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک ریلی کی قیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وطن عزیز کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پوری قوم نے مثالی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا، اور قوم ہمیشہ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
یومِ تشکر کے موقع پر ویٹرنری ہسپتال مردان میں بھی ایک پرجوش تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں پاکستانی پرچم کو سلامی دی گئی، اور افواجِ پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر مثال خان تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں شہداء کی قربانیوں کو سراہا اور وطن پر جان قربان کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے گنجئی تخت بھائی میں پاکستان ایئر فورس کے شہید محمد ایاز کی قبر پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی، اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ان کے ہمراہ ڈبلیو ایس ایس سی ایم کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شاہد خان اور اسسٹنٹ کمشنر تخت بھائی جنید خالد بھی موجود تھے۔ محمد ایاز نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
اسی طرح، اسسٹنٹ کمشنر شیرگڑھ فضل الرحمن نے بھی تخت بھائی کے علاقے تورڈھیر میں لانس حوالدار مظہر اقبال شہید کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی، اور پھول چڑھائے۔ مظہر اقبال نے اورکزئی کے المیزان آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کیا تھا۔

یومِ تشکر کی تقریبات میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور افواجِ پاکستان سے بھرپور یکجہتی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا