مردان: عبدالولی خان یونیورسٹی میں 2 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید خودکار موسمیاتی اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ
مردان: پاکستان محکمہ موسمیات (PMD) نے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان (AWKUM) کے کیمپس میں 2 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید خودکار موسمیاتی اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد مردان اور ملحقہ علاقوں میں موسم کی بہتر نگرانی اور پیش گوئی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
اس حوالے سے عبدالولی خان یونیورسٹی اور محکمہ موسمیات کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد اور محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر اعجاز احمد نے دستخط کیے۔
تقریب میں یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران، محکمہ موسمیات کے حکام، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد فہیم احمد اور AWKUM کے ORIC ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق محمود بھی موجود تھے۔
حکام کے مطابق جدید خودکار موسمیاتی اسٹیشن کے ذریعے موسم سے متعلق اہم معلومات کی ریئل ٹائم نگرانی ممکن ہوگی، جبکہ حاصل ہونے والا ڈیٹا موسم کی زیادہ درست پیش گوئی، بروقت موسمیاتی انتباہات اور مختلف موسمیاتی عوامل کی نگرانی میں معاون ثابت ہوگا۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق منصوبے سے موسمیات، موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی علوم کے شعبوں میں تحقیق کو فروغ ملے گا۔ طلبہ اور اساتذہ کو جدید موسمیاتی ڈیٹا تک رسائی کے ساتھ عملی تربیت اور تحقیقی مواقع بھی میسر آئیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ موسمیاتی اسٹیشن زراعت، قدرتی آفات سے نمٹنے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی نگرانی میں بھی مقامی سطح پر اہم کردار ادا کرے گا۔
عبدالولی خان یونیورسٹی نے اس منصوبے کو تعلیمی اداروں اور سائنسی و تکنیکی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے اور عوامی مفاد میں تحقیق کو فروغ دینے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔