ڈیرہ اسماعیل خان میں بجلی کے منصوبے دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری بجلی کے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت، یعنی دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
گورنر ہاؤس پشاور میں پیسکو کے چیف انجینئر ڈویلپمنٹ اور چیف انجینئر آپریشن انجینئر حبیب الرحمان خان مروت نے گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی، جس میں ڈیرہ اسماعیل خان میں بجلی کی فراہمی، جاری منصوبوں اور عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
حکام نے گورنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈیرہ گرڈ ٹو لائن کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ بجلی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے متبادل لائن بھی بچھائی جا رہی ہے، جس کا 50 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے۔
حکام کے مطابق منصوبوں کی تکمیل میں حائل قانونی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور دونوں لائنوں کا کام دسمبر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ دوسری جانب بند کورائی گرڈ اسٹیشن بھی مکمل ہو چکا ہے، جس کا افتتاح آئندہ ماہ متوقع ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عوام کو بجلی کی بہتر اور بلاتعطل فراہمی بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ کم وولٹیج، اوورلوڈنگ اور بجلی سے متعلق دیگر مسائل پر قابو پایا جا سکے۔