پشاور میں کور ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن میں ماڈل گورننس فوری طور پر نافذ کی جائے گی اور اس کامیاب ماڈل کو بعد ازاں خیبر، اورکزئی اور کرم میں بھی مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ پشاور میں رواں سال پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد کیا جائے گا۔
کمیٹی کا کام نہ صرف گورننس اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی ہوگا بلکہ مقامی آبادی کے لیے متبادل روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور عارضی طور پر بے گھر افراد کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر انتظامات کرنا
بھی ہوگا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ان اضلاع میں شروع کیے جانے والے تمام ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور کسی بھی قسم کی عسکری کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں ایک خصوصی ذیلی کمیٹی قائم کی جائے گی جو ماہانہ بنیادوں پر اجلاس منعقد کرے گی۔
اس کمیٹی میں منتخب عوامی نمائندگان، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، صوبائی حکام اور وفاقی اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔
وفاق اور صوبہ خیبر پختونخوا کے درمیان مؤثر رابطوں کے ذریعے دہشت گردی جیسے اہم مسئلے سے نمٹنے کے لیے پالیسی امور پر مکمل ہم آہنگی اور یکساں مؤقف کو یقینی بنایا جائے گا۔
نوجوانوں میں شدت پسندانہ سوچ کی روک تھام اور مثبت سوچ کے فروغ کے لیے پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
اجلاس میں غیر قانونی سم کارڈز، دھماکہ خیز مواد اور بھتہ خوری جیسی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھنے اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی مرحلہ وار پروفائلنگ پر توجہ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، قومی سلامتی کے مشیر، کور کمانڈر پشاور اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی اور دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے شہریوں اور سیکورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔