پشاور: آئس کریم خریدنے کے لیے گھر سے نکلنے والی کمسن بچی سے دکان پر مبینہ زیادتی کی کوشش کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ پولیس نے مبینہ ملزم کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ شاہ پور میں مقدمہ متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق بچی آئس کریم خریدنے کے لیے گھر سے نکلی تھی، تاہم کافی دیر گزرنے کے باوجود واپس نہ آنے پر والد اسے تلاش کرنے کے لیے گھر سے باہر نکلا۔
والد کے مطابق جب وہ متعلقہ دکان پر پہنچا تو دکاندار مبینہ طور پر اس کی بیٹی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کر رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث مبینہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اپر سوات کے علاقے مدین کے کوز کلے میں بھی ایک 9 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد فائرنگ کرکے قتل کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔