خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع اور ہولڈنگ کیمپوں سے افغان باشندوں کی اپنے وطن واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ تازہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3,790 افغان شہری طورخم بارڈر کے ذریعے افغانستان منتقل کر دیے گئے۔
سرکاری تفصیلات کے مطابق ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں قائم ہولڈنگ سینٹر سے سب سے زیادہ 1,834 افراد نے وطن واپسی اختیار کی، جو ایک ہی مقام سے واپس جانے والوں کی بڑی تعداد ہے۔
دیگر اضلاع سے بھی افغان باشندوں کی واپسی کا سلسلہ جاری رہا، جن میں صوابی سے 8، جمرود سے 9، نوشہرہ کیمپ سے 171، ہری پور کیمپ سے 18 افراد شامل ہیں۔ اسی طرح اضاخیل کیمپ سے 448، جمعہ خان کیمپ سے 838، کوہاٹ کیمپ سے 329 جبکہ پشاور کے ناگمان کیمپ سے 135 افغان باشندے اپنے وطن لوٹ گئے۔
حکام کے مطابق افغان شہریوں کی مرحلہ وار واپسی جاری ہے اور تمام افراد کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پاک افغان سرحد طورخم کے راستے افغانستان منتقل کیا جا رہا ہے۔