مردان: تخت بھائی کے علاقے سری بہلول لیبر کالونی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے تھانہ شیرگڑھ کی چوکی خٹانو کے ایڈیشنل انچارج اے ایس آئی دوست محمد شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق اے ایس آئی دوست محمد تبلیغی مرکز جنڈے میں ڈیوٹی انجام دینے کے بعد واپس جا رہے تھے کہ سری بہلول لیبر کالونی کے قریب نامعلوم ملزمان نے انہیں نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے اے ایس آئی دوست محمد موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او مردان مسعود احمد سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی اور چھاپہ مار کارروائیاں بھی کی گئیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں درج کیا جائے گا، جبکہ فائرنگ کے محرکات اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔
شہید اے ایس آئی دوست محمد کی نماز جنازہ پولیس لائنز مردان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں ڈی آئی جی مردان ریجن قاسم علی خان، ڈپٹی کمشنر مردان واصف الرحمان، ڈی پی او مسعود احمد سمیت پولیس افسران، اہلکاروں اور شہید کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، جبکہ پولیس افسران نے ان کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
بعد ازاں شہید کا جسد خاکی پولیس کی نگرانی میں ان کے آبائی گاؤں گاروشاہ (ملکی کلے)، تحصیل تخت بھائی منتقل کیا گیا، جہاں نماز جنازہ میں پولیس افسران و اہلکاروں، اہل خانہ اور بڑی تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد شہید کی مغفرت، بلند درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔ پولیس حکام اور اہل علاقہ نے اے ایس آئی دوست محمد کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔