جنگ بندی کے بعد نئی پیش رفت، امریکہ اور ایران آمنے سامنے

امریکی ذرائع ابلاغ نے ایک سینئر امریکی عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان حملے روکنے پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مذاکرات متوقع ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ کشیدگی کے بعد سفارتی سطح پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ دونوں فریقین منگل کے روز دوحہ میں ملاقات کریں گے، جہاں آبنائے ہرمز سے متعلق تنازع سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مذاکرات قطر کی ثالثی میں ہوں گے، جن کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا اور تنازعات کا سفارتی حل تلاش کرنا ہے۔

تاہم اس سے قبل ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے حالیہ امریکی حملوں اور مفاہمتی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی کو جواز بناتے ہوئے تکنیکی مذاکرات میں شرکت سے انکار کیا تھا۔

اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کو 11 روز گزر چکے ہیں، لیکن اس دوران ایک دوسرے پر حملوں کے الزامات کے باعث صورتحال اب بھی غیر یقینی ہے۔

دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے امریکی حملوں کے جواب میں بحرین اور کویت میں موجود آٹھ امریکی فوجی تنصیبات کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی سِرک اور قشم میں ایرانی تنصیبات پر حملوں کے ردعمل میں کی گئی، تاہم اس دعوے کی تاحال آزاد ذرائع یا امریکی حکام کی جانب سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے