پشاور میں طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے خیبر پختونخوا حکومت نے تعلیمی اداروں کی ٹرانسپورٹ کے حوالے سے سخت اقدامات نافذ کر دیے ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ کے مطابق اب اسکول اور کالج بسوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ کا حصول لازمی قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ بغیر سرٹیفکیٹ کسی بھی گاڑی کو طلبہ کی آمد و رفت کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس ضمن میں ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ نے پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی خیبر پختونخوا کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے، جس میں واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ تعلیمی اداروں کی تمام ٹرانسپورٹ گاڑیاں کمرشل وہیکل کے زمرے میں آتی ہیں اور انہیں فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازم ہوگا۔
مراسلے کے مطابق فٹنس جانچ موٹر وہیکل ایگزامینر کے ذریعے کروانا لازمی ہوگی، جبکہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ اداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اسکول اور کالج بسوں کی باقاعدہ انسپکشن بھی کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام طلبہ کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے، اور تمام نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی فوری رجسٹریشن اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے عمل کو مکمل کریں۔