اسمبلی میں امن جرگہ، وزیراعلیٰ اور سیاسی قیادت ایک میز پر

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے کل ہونے والے امن جرگے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ امن و امان کی صورتحال اور صوبے میں جاری سیکیورٹی آپریشنز پر مشاورت کے لیے یہ اہم جرگہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں منعقد ہوگا۔

ذرائع کے مطابق، جرگے کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔ اسمبلی میں 400 شرکاء کے بیٹھنے کا بندوبست کیا گیا ہے، جبکہ غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی۔ شرکت کرنے والے افراد کو خصوصی پاسز جاری کر دیے گئے ہیں۔

جرگے کی صدارت اسپیکر بابر سلیم سواتی کریں گے، جبکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوں گے۔ حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ جرگے کا اعلامیہ وفاقی حکومت اور تمام سیکیورٹی اداروں کو بھیجا جائے گا اور ایپکس کمیٹی میں بھی پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جرگے میں 20 سے زائد سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی، جن میں اے این پی، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی، جماعت اسلامی، قومی وطن پارٹی، اور مسلم لیگ (ق) سمیت دیگر جماعتیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بار کونسل، وکلاء اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔

جرگے میں 40 کے قریب تقاریر متوقع ہیں، جن میں صوبے میں قیامِ امن، دہشت گردی کے خلاف حکمتِ عملی، اور عوامی تعاون کے امور پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے