تورغر سے پولیو کا نیا کیس رپورٹ، خیبرپختونخوا میں کیسز کی تعداد 19 تک پہنچ گئی

پشاور، 21 اکتوبر 2025 — نمائندہ خصوصی

خیبرپختونخوا کے ضلع تورغر سے پولیو وائرس کا ایک نیا کیس رپورٹ ہوا ہے، جس کی تصدیق پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر (EOC) نے کر دی ہے۔ حکام کے مطابق متاثرہ بچہ یونین کونسل گڑی کا رہائشی ہے اور اس کی عمر ایک سال بتائی گئی ہے۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) اسلام آباد نے لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد متاثرہ بچے میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی۔ اس نئے کیس کے بعد سال 2025 میں ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے۔

پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق رواں سال اب تک خیبرپختونخوا سے 19، سندھ سے 9، جبکہ پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک ایک کیس رپورٹ ہو چکا ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا ایک بار پھر پولیو کے زیادہ کیسز والے خطے کے طور پر سامنے آیا ہے، جہاں گزشتہ چند مہینوں کے دوران جنوبی اضلاع — بشمول بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور شمالی وزیرستان — سے متعدد کیسز سامنے آئے ہیں۔

صحت حکام کے مطابق متاثرہ علاقے میں ہنگامی بنیادوں پر انسداد پولیو مہم شروع کر دی گئی ہے، تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ محکمہ صحت نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں، کیونکہ یہ واحد طریقہ ہے جس سے پاکستان اس موذی مرض سے مکمل طور پر نجات حاصل کر سکتا ہے۔

پاکستان اور افغانستان دنیا کے وہ دو آخری ممالک ہیں جہاں پولیو وائرس اب بھی مقامی سطح پر پایا جاتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت (WHO) کے مطابق پولیو کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان سرحدی سطح پر مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے