سوات موٹروے پر المناک حادثہ: ٹرک الٹنے سے 15 افراد جاں بحق، 8زخمی

سوات موٹروے کے ٹنل نمبر 3 کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں ٹرک الٹنے سے 15 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق اور زخمیوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔

ترجمان ریسکیو 1122 ملاکنڈ کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی میڈیکل ریسپانس ٹیمیں ایمبولینسز کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ موٹروے پولیس اور دیگر عملہ بھی موقع پر موجود تھا، جنہوں نے ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

مشترکہ کارروائی کے دوران زخمیوں اور لاشوں کو ابتدائی طور پر موٹروے پولیس اور عملے نے اپنی گاڑیوں کے ذریعے ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹخیلہ منتقل کیا، جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے باقی متاثرہ افراد کو بھی بحفاظت ہسپتال پہنچایا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ 8 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ان میں سے چار زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث سوات منتقل کیا گیا ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق تمام متاثرہ افراد کا تعلق ضلع سوات کی تحصیل بحرین کے علاقے گبرال سے تھا۔ یہ ایک خانہ بدوش خاندان تھا جو مختلف علاقوں میں موسمی طور پر نقل مکانی کرتا ہے۔

ترجمان کے مطابق حادثہ نہایت سنگین نوعیت کا تھا، تاہم ریسکیو 1122 ملاکنڈ کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے باعث مزید جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے